Aaj News

جمعہ, مئ 17, 2024  
08 Dhul-Qadah 1445  

بلوچستان، عوام کو مختلف ٹیکسوں میں ریلیف دینے کا اعلان

شائع 09 اپريل 2020 05:06am

کوئٹہ:کورونا وائرس کے باعث بلوچستان حکومت نے صوبے کے عوام کو مختلف ٹیکسوں میں ریلف دینے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر خزانہ بلوچستان میر ظہور بلیدی نے کوئٹہ میں میڈیا کو بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ کابینہ نے ڈیڑھ ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا جبکہ عوام کو خدمات پر سیلز ٹیکس اور بلوچستان انفراسٹرکچر ٹیکس پر چھوٹ دینے کے ساتھ ساتھ سرجیکل آلات کی خریداری پر عائد ڈیوٹی میں کمی کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اسکے ساتھ بجلی کے بلوں میں بلوچستان حکومت کے ایک فیصد ٹیکس پر چھوٹ دینے کا فیصلہ بھی کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ روزانہ اجرت پر کام کرنے والوں کو راشن کےلیے 76 کروڑ روپے تمام اضلاع میں بھجوا دیے گئے ہیں۔

میر ظہور بلیدی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے وزیراعظم سے رابطہ کرکے صوبے کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں 4 فیصد کوٹا دینے کے بجائے آبادی کے تناسب سے 6 فیصد، این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کے حصے کے مطابق 9 فیصد یا پھر غربت میں کمی لانے کے حساب سے 12 فیصد تک بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کی مدت بڑھانے پر تاجر تنظیموں کے مطالبات سے متعلق تاجروں کو سمجھائیں گے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے عوام کا تعاون انتہائی ضروی ہے اور یہ مقصد لاک ڈاؤن اور سوشل ڈسٹینس سے ہی حاصل کیا جاسکتا ہے۔